نیویارک،3مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکا نے ایک بین البراعظمی بیلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ گزشتہ سات برسوں کے دوران امریکا کی طرف سے بین البراعظمی میزائل کا یہ دوسرا تجربہ ہے۔ امریکی ایئر فورس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق غیر مسلح ’’مِنَٹ مین تھری‘‘ نامی میزائل کیلیفورنیا کی وانڈنبرگ ایئرفورس بیس سے چھوڑا گیا اور اس نے ایک مصنوعی بم کو چار ہزار کلومیٹر دور بحرالکاہل میں موجود ایک ہدف تک کامیابی سے پہنچایا۔ ٹھیک ایک ہفتہ قبل بھی مِنَٹ مین تھری نامی میزائل کا تجربہ کیا گیا تھا۔ شمالی کوریا کی طرف سے جوہری اور میزائل تجربات کے تناظر میں امریکا اور پیونگ یانگ حکومت کے درمیان تناؤ عروج پر ہے۔